علی گڑھ، 20؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایم ایم ہال کی مسجد میں تراویح کے دوران ختم قرآن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق ناظم دینیات ڈاکٹر مفتی زاہد علی خاں نے کہا کہ قرآن اللہ کی وہ واحد کتاب ہے جو نوع انسانیت کے لئے صرف سامانِ راحت ہی نہیں بلکہ زندگی کے تمام شعبوں اور مسائل کا بہترین حل پیش کرتی ہے اور قرآن کی تعلیمات نوع انسانیت کو اللہ کی وحدانیت،رسول کی رسالت، اتحاد و اتفاق، بقائے باہم، قومی یکجہتی، امن و سلامتی اور صلح و آشتی کی سماج کے ہر طبقہ کو دعوت دیتی ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ سماج میں قرآن کی ان بنیادی تعلیمات کو نمونۂ عمل بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ قرآن وہ عظیم کتاب ہے جس کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ نے لی ہے اور یہی وجہ ہے کہ قرآن ہر اعتبار سے آج تک محفوظ ہے جبکہ دیگرآسمانی کتابوں میں ردّو بدل اور تحریف ہوچکی ہے مگر قرآن کا یہ خصوصی امتیاز ہمیشہ ہمیشہ باقی رہے گا۔ڈاکٹر مفتی زاہد علی خاں نے کہا کہ رمضان کا مبارک مہینہ بھی حفاظتِ قرآن اور نزولِ قرآن کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسولﷺ اس مہینہ میں حضرت جبرئیل امین سے قرآن کا دور کیا کرتے تھے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ رمضان میں قرآن کریم کو کثرت کے ساتھ پڑھنا چاہیئے۔انہوں نے رمضان کے حوالے سے کہا کہ روزہ تربیت سازی، کردار سازی اور نفسانی شہوت کو کچلنے کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینہ میں سماج اور معاشرہ کے غرباء کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ زکوٰۃ کے اجتماعی نظام کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے ڈاکٹر زاہد نے کہا کہ زکوٰۃ کا اجتماعی نظم و نسق ہونا ضروری ہے تاکہ اس سے مستحق اور ضرورت مند افراد کی مدد ہوسکے۔ایم ایم ہال کی مسجد کے امام و خطیب حافظ قاری مجیب الرحمن نے قرآن کو تراویح میں مکمل کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف ہالوں کے طلبأ، ائمہ اور مؤذنین بھی موجود تھے۔